نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے عہدہ سنبھال لیا، پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں کی مبارکباد

10:42 AM, 6 Jul, 2024

علی زیدی

ویب ڈیسک: (علی زیدی) برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق لیبر پارٹی نے 411 نشستیں جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم رشی سوناک کی کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور اقتدار ختم ہوگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیراعظم سرکیئرسٹارمر نے شاہ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد باقاعدہ طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ جس کے بعد پاکستان سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے لیبر پارٹی اور سر کیئر سٹارمر کو برطانوی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

شہباز شریف نے جمعہ کو ایکس پر لکھا کہ ’عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی شاندار کامیابی پر سر کیئر سٹارمر کو مبارک باد۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سر سٹارمر کی دانشمندانہ اور قابل قیادت میں برطانیہ کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جا سکے۔‘

امریکا

روس کے ساتھ یوکرین کی جنگ کے لیے برطانوی حمایت "غیر متزلزل" ہے۔ یہ بات برطانیہ کے نئے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی فون کال میں جمعے کے روز امریکی صدر جو بائیڈن سے کہی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے فون پر بات کی اور انہیں عام انتخابات میں سنٹر لیفٹ لیبر پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے بیلفاسٹ/گڈ فرائیڈے معاہدے میں کامیابیوں کی حفاظت اور اقتصادی ترقی اور مواقع پیدا کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے شمالی آئرلینڈ کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔"

اسٹارمر اگلے ہفتے نیٹو کے سربراہی اجلاس میں بائیڈن اور دیگر عالمی رہنماؤں سے واشنگٹن میں ملاقات کریں گے۔

سعودی عرب

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے نومنتخب وزیراعظم  کیئر سٹارمر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے تقرر کے موقعے پر آپ کو کامیابی اور خوشحالی کےلیے دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھیجتے ہوئے خوشی ہے۔

انہوں نے ملک کے دوستانہ عوام کے لیے مزید ترقی اور کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے دونوں دوست ملکوں اور عوام کے درمیان منفرد تعلقات کو سراہا جسے ہم  تمام شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

برازیل

برازیل کے صدر لوئیس اناچیو لولا ڈیسلوا نے ایکس پر اپنے پیغام میں لیبر پارٹی کے سر کئیر اسٹارمر کو مبارکباد دی۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ کا نیا وزیرِاعظم منتخب ہونے پر انہیں سلیوٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، " میری خواہش ہے کہ آپ کے اقتدار کی مدت عظیم ہو۔ ہمارے ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات، پائیدار ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے آپ برازیل پر انحصار کر سکتے ہیں۔"

جرمنی

جرمن چانسلر اولف شولز نے اپنے ایک بیان میں کہا، " میں برطانیہ میں اپنی ایک ہم خیال پارٹی کے لیڈر کی انتخابات میں فتح پر مسرت کا اظہار کرتا ہوں۔ 

میں کیئر اسٹارمر کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، ہم اکثر ملے اور بات کرتے رہے ہیں۔ وہ ایک بہت اچھے، بہت کامیاب وزیر اعظم ہوں گے۔ میرا یہ بھی تاثر ہے کہ ہمیں یورپ اور برطانیہ اور جرمنی کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں زیادہ پریشانی نہیں ہوگی۔"

اٹلی

"اٹلی کے وزیرِ اعظم جیارجیا میلونی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا،" میری جانب سے کئیر اسٹارمر کو ان کے انتخاب پر مبارکباد۔ 

اٹلی اور برطانیہ کے درمیان تعلقات شاندار ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے عظیم ملکوں کے درمیان مضبوط اور پراعتماد تعاون میں اضافہ جاری رکھیں گے۔ میں ان تمام برسوں میں مضبوط تعاون اور پرخلوص دوستی کے لیے اپنے دوست رشی سونک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔"

نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینزاسٹولٹن برگ نے کئیر اسٹارمر کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا،"میں اگلے ہفتے واشنگٹن میں نیٹو کے سربراہی اجلاس میں ان کے استقبال اور ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ 

میں نے کیئر سٹارمر سے یہاں نیٹو ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کر چکا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ وہ نیٹو ، بحراوقیانوس کے اتحاد، کے پرزور حامی ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی پرعزم ہیں کہ برطانیہ نیٹو کا ایک مضبوط اور انتہائی پرعزم نیٹو اتحادی رہے۔

آئرلینڈ

آئر لینڈ کے وزیرِاعظم نے ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا،" ایک آئرش اور ایک برطانوی وزیرِ اعظم کے درمیان تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اب ایک بڑے امتحان کا وقت ہے۔ آج کی صبح میں ڈبلن سے لندن کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں بہت سے امور پر، اپنے امن کے عمل اور مستقبل کے ہمارے امکانات پر کئیر اسٹارمر کے عزم اور توانائی کی برابری کی کوشش کروں گا۔"

یوکرین

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی ایکس پر کئیر اسٹارمر کو مبارباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ یو کرین اور برطانیہ اچھے، برے تمام حالات میں قابلِ اعتماد اتحادی رہیں گے اور زندگی، آزادی اور اصولوں پر قائم عالمی نظام کے لیے اپنی مشترکہ اقدار کے دفاع اور فروغ کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

زیلنسکی نے ایکس پر اپنے پیغام میں رشی سونک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا،" میں ان کی قیادت میں برطانوی حکومت کی کبھی تبدیل نہ ہونے والی حمایت پر رشی سونک کا شکر گزار ہوں۔ 

چیلنجر ٹینک، اسٹارم شیڈو میزائل، ہمارے پائلٹوں کوایف 16 کی تربیت فراہم کرنا اور سیکیورٹی میں تعاون کا پہلا دوطرفہ معاہدہ وہ چند مشترکہ کامیابیاں ہیں جو یوکرین کبھی نہیں بھولے گا۔"

فرانس

فرانسیسی صدر ایمینوئیل کیراں نے بھی ایکس پر کئیر اسٹارمر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا، " میں ان سے پہلے بات چیت سے بہت خوش ہوں۔ ہم یورپ کے امن اور سلامتی، ماحولیات اور اے آئی میں اپنے دو طرفہ تعاون کے لیے شروع کیے گئے کام کو جاری رکھیں گے۔"

ناروے

ناروے کے وزیرِاعظم جونس گار استورے نے خبر رساں ادارے این بی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا،" ووٹروں نے برطانیہ کی لیبر پارٹی کو ملک میں تبدیلی، لوگوں کی آمدنی میں اضافے اور ملکی اسکولوں اور نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کا تاریخی اختیار دیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ایک انتہائی اہم منصب پر اسٹارمر خوش قسمت رہیں اور بہترین کارکردگی دکھائیں۔"

یورپی یونین

یورپی یونین کی صدر ارسلا وانڈر لین نے کئیر اسٹارمر کی فتح پر انہیں ایکس پر اپنے پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، " میں ایک تعمیری شراکت داری کے ساتھ، یورپی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔"

آسٹریلیا

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں لیکن، میں سر کئیر اسٹارمر اور اینجلا رینر اور برٹش لیبر پارٹی میں موجود اور بہت سے لوگوں کے ساتھ، جن سے میں واقف ہوں، مل کر کام کرنے کے لیے منتظر ہوں۔ متعدد امور پر ان کا اور ہمارا مؤقف مشترک ہے۔"

کینیڈا

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایکس پر برطانیہ کے نو منتخب وزیرِاعظم اسٹارمر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، " ابھی آگے بحرِ اوقیانوس کے دونوں جانب اپنے ملکوں کے عوام کے لیے زیادہ فراخ اور منصفانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے۔ میرے دوست، آئیے اس کا آغاز کریں۔"

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے بھی برطانیہ کے نئے وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کو ایکس پر مبارکباد دی۔ 

انہوں نے لکھا،" نیوزی لینڈ اور برطانیہ بہت اچھے دوست ہیں اور مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ میں وزیراعظم کے طور پر ہر موقع پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ اپنی قوم کی خدمت اور نیوزی لینڈ سے دوستی کے لیے رشی سونک آپ کا شکریہ۔"

بھارت

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کئیر اسٹارمر کو دلی مبارکباد دی اور ان کی شاندار فتح پر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا، "میں تمام شعبوں میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بھارت اور برطانیہ کے مثبت اور تعمیری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا منتظر ہوں۔"

انہوں نے اپنے پیغام میں رشی سونک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا،" برطانیہ کے لیے آپ کی شاندار قیادت اور اپنے دورِ اقتدار میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات میں گہرائی پیدا کرنے میں آپ کے فعال تعاون کا بہت شکریہ۔"

مزیدخبریں