برطانیہ انتخابات: 4 نئے پاکستانی پارلیمنٹ پہنچ گئے، مجموعی تعداد 15 برقرار

03:35 PM, 6 Jul, 2024

ویب ڈیسک: برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات کے نتیجہ میں 4 نئے پاکستانی بھی پارلیمنٹ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس طرح پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 15 برقرار ہے جبکہ شبانہ محمود واحد مسلم وزیر بننے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 

برطانوی پارلیمنٹ میں اس وقت 15 پاکستانی نژاد ارکان ہیں۔ دو دن قبل ہونے والے برطانوی الیکشن میں کامیاب ہونے والے پاکستانی نژاد افراد میں یاسمین قریشی، ناز شاہ، افضل خان، عمران حسین، روزینہ خان، محمد یاسین، ثاقب بھٹی، نصرت غنی، طاہر علی، زہرہ سلطانہ، ڈاکٹر زبیر، ایوب خان اور عدنان حسین شامل ہیں۔

برمنگھم کے علاقے لیڈی وُڈ کے حلقے سے لیبر پارٹی کی اہم رہنما شبانہ محمود نے پندرہ ہزار پانچ سو اٹھاون ووٹ حاصل کیے۔ شبانہ محمود 2010 سے پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوتی آرہی ہیں۔ ان کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع میرپور سے ہے۔

اس بار درجنوں حلقوں میں غزہ کا معاملہ سب سے اہم رہا جس کے باعث نتائج پر اثر پڑا۔ چار آزاد امیدوار غزہ ایشو پر کامیاب ہوئے۔ انہوں نے لیبر پارٹی کے امیدواروں کو شکست دی۔

برمنگھم کے علاقے پیری کے حلقے سے آزاد امیدوار بیرسٹر ایوب خان نے غزہ کے معاملے پر مہم چلائی اور غیر متوقع طور پر لیبر پارٹی کے خالد محمود کو شکست سے دوچار کیا۔ خالد محمود سب سے سینئر پاکستانی نژاد پارلیمنٹیرین تھے۔

برمنگھم کے حلقے ہال گرین اینڈ موسیلی کے حلقے سے لیبر پارٹی کے طاہر علی بارہ ہزار سات سو اٹھانوے ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

مزیدخبریں