تمام اہداف مکمل ،پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنے کا امکان

07:16 AM, 6 Jun, 2022

احمد علی
پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے دیئے گئے تمام اہداف کو حاصل کرتے ہوئے اپنا مثبت پہلو اجاگر کر دیا ہے۔ اس وجہ سے معاشی ماہرین کو قوی امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے بالاخر نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ وزرات خارجہ کو متعلقہ امور کی نگرانی سونپ دی گئی ہے تاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے حاصل کئے جانے والے اہداف کو ان کے سامنے رکھا جا سے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس سے قبل وزرات خارجہ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اپنی حکمت عملی کو محتاط طریقے سے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس چار روز پر مشتمل ہوگا جو رواں ماہ 13 سے 17 جون تک جرمنی میں منعقد ہوگا۔ کہا جا رہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کے معاملات پر پلینری سیشن 15 اور 16 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی ذؐمہ داری حنا ربانی کھر کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کے تمام تر اہداف کو پورا کر لیا ہے۔ پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ فیٹف کے رواں ماہ ہونے والے اہم اجلاس سے عوام کیلئے خوش آئند نیوز آنے کا قوی امکان ہے۔
مزیدخبریں