عمران کو کچھ ہوا تو خود کش حملہ کردوں گا، رکن اسمبلی
12:06 PM, 6 Jun, 2022
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عطا اللہ ایڈووکیٹ نے عمران خان کو کچھ ہونے اور نقصان پہنچنے کی صورت میں خود کش حملہ کرنے کی دھمکی دیدی۔ رکن قومی اسمبلی عطا اللہ ایڈووکیٹ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے بال کو بھی نقصان ہوا تو ملک چلانے والے سن لیں آپ رہیں گے نا آپ کے بچے۔ انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو میں خودکش حملہ کروں گا، اس طرح اور بھی ہزاروں خودکش حملہ آور تیار ہیں۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کے ان ہتکھنڈوں کی وجہ سےپی ٹی آئی کے ورکرز ڈر جائیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی پورے پاکستان سے سخت ردعمل آئے گا۔ چند روز قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بیان دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عدالتی ضمانت ختم ہوتے ہی ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار انہیں گرفتار کر لیں گے۔