شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم

02:08 PM, 6 Jun, 2023

احمد علی
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، کیس کی سماعت جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کی۔ سماعت کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل تیمور ملک اور ان کی بیٹی گوہربانو قریشی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عابد عزیز راجوری عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت کی جانب سے شاہ محمود کی فوری رہائی کا حکم دیا گیا اور کہا کہ انہیں کسی اور ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کے تھری ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دے دیئے اور شاہ محمود قریشی سے کسی قسم کا شورٹی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت نہیں کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہو چکا ہے اسے چھوڑ دیں، مستقبل میں ایسا نہ ہو، ہر چیز مذاق نہیں ہوتی ہے۔ خیال رہےکہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر 23 مئی کو رہائی عمل میں آئی تھی لیکن اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد انہیں ایک بار پھر سے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا ۔
مزیدخبریں