انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے، شاہ محمود قریشی

07:10 PM, 6 Jun, 2023

احمد علی
راولپنڈی : وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے، میں اس تحریک کا حصہ ہوں جو آذاد ، خوددار ، حقیقی طور پرآزاد پاکستان دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کرونگا، قید تنہائی میں ایک ماہ گزرا، سوچنے کا موقع ملا، موجودہ صورتحال پر پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کرونگا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، قید میں ہوتے ہوئے کیسے نقص امن کیلئے خطرہ بن سکتا ہوں، دوبارہ گرفتاری کا میری نظر میں کوئی جواز نہ تھا، میں تو قید میں تنہائی میں تھا، میں کس کو ہدایت یا اکسا سکتا تھا؟ انہوں نے مزید کہا کہ کارکنوں کو کہتا ہوں آزمائش کا وقت ہے، حوصلے میں رہیں، ہمت نہ ہاریں، ہر غروب کے بعد طلوع بھی ہوتی ہے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تھا. شاہ محمود قریشی نے رہائی سے قبل اپنا سامان حوالاتیوں میں تقسیم کر دیا ۔ خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے آج رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل کے باہر سے رہائی کے بعد 23 مئی دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا ، نظر بندی کے احکامات جاری ہونے پر شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
مزیدخبریں