ویب ڈیسک:’’ برڈ فلو’’ وائرس کی نئی قسم سے میکسیکو میں ایک شہری کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ جس کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بیماری کا خطرہ بڑھنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میکسیکو میں ایک شخص کی موت ایسے H5N2 نامی برڈ فلو وائرس کی وجہ سے ہوئی جو پہلے کبھی کسی انسان میں نہیں پایا گیا۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ شخص کیسے متاثر ہوا، اس شخص کو شوگر اور دل کے مرض کی وجہ سے اسپتال داخل کیا گیا تھا تاہم اس میں برڈ فلو کی علامات پائی گئیں۔
یادرہے میکسیکو میں پولٹری میں H5N2 وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
برڈ فلو کی کئی اقسام ہیں۔ H5N2 انسانوں میں پایا جانے والا بالکل نیا وائرس ہے تاہم امریکا میں ایک سے زیادہ ڈیری فارمز میں گائیوں میں H5N1 وائرس کا حملہ ہوا ہے جس کے بعد تین فارم ورکرز میں ہلکا انفیکشن پایا گیا۔ بیمار ورکرز کو آئیسولیشن وارڈز میں رکھا گیاہے جبکہ ڈیری فارمز کی سب گائیوں کو تلف کر کے فارمز کو سیل کردیا گیا ہے۔
یادرہے 2021 میں چین سے برڈ فلو وائرس H5N6 کے پھیلنے کے دوران دنیا بھر میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اے پی کے مطابق میکسیکو کے صحت حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو سٹی اسپتال میں مرنے والے 59 سالہ مریض کا پولٹری یا دوسرے جانوروں سے کوئی کانٹیکٹ نہیں پایا گیا۔
مریض 17 اپریل سے بخار، سانس لینے میں تکلیف اور اسہال کے باعث اسپتال داخل تھا جبکہ اسے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مرض بھی پہلے سے تھے۔
24 اپریل کو زیرعلاج اس شخص کی موت ہو گئی۔ جس کے بعد پوسٹ مارٹم کیا گیا تو ابتدائی ٹیسٹوں میں فلو کی ایک نامعلوم قسم کا پتہ چلا جس کے بعد کے ہفتوں کے لیب ٹیسٹنگ میں H5N2 کی تصدیق ہوئی۔
اب تک کوئی اور انسانی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
مارچ میں میکسیکو کے قریبی حصوں میں H5N2 کے کیسز تین پولٹریز میں پھیلے تھے لیکن حکام اس کا کوئی تعلق تلاش نہیں کرسکے۔ میکسیکو کے اہلکار بھی میکسیکو سٹی کے مضافات میں ایک جھیل کے قریب پرندوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔