ویب ڈیسک: صارم برنی نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ وہ کلمہ پڑھ کرکہتے ہیں کہ جو کرتے ہیں۔ اللہ اور اس کے بندوں کیلئے کرتے ہیں۔
صارم برنی نے سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحیح اور غلط کا جواب میں نہیں دے سکتا۔ میں کلمہ پڑھ کر کہتا ہوں جو میں کرتا ہوں اللہ اور اس کے بندوں کے لئے کرتا ہوں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ آج میں ہیومن ٹریفکنگ میں آگیا۔ اے این ایف نے دو سال پہلے میرے گھر پر چھاپہ مارا۔ اے این ایف نے اس شخص کے گھر چھاپہ مارا جو سگریٹ پینا نہیں جانتا۔ میں نے کبھی پتی والا پان نہیں کھایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صارم برنی آبدیدہ ہوگئے:
صارم برنی نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں کسی گندے کام میں نہ تھا اور نہ ہی ملوث ہوں۔ حیرت انگیز کیس بنایا گیا ہے۔ جس بچے کو لواحقین چھوڑ کرگئے اس کی ایف آئی آر میرے خلاف کاٹ دی۔ امریکا کے لوگ سادے لوگ ہیں۔ میں ان سے بات کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کافر جو ملک میں بربادی کے کام کرتا رہا ہے۔ وہ کافر جس نے ایدھی کے خلاف مہم چلائی۔ گردے اور مردے بیچنے کی مہم ایدھی کے خلاف چلائی گئی۔ ہم ایسے گندے کام کیوں کریں گے۔
صارم برنی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو وہ بچے نظر نہیں آتے جن کو نالوں اور چھتوں سے پھینک دیا جاتا ہے۔ یہ ایک بچہ عمر میرے ساتھ ہے۔ اس کے بینرز لگائے گئے ہیں کہ اسے صارم برنی کی قید سے رہائی دلواؤ۔ یہ رہا بچہ اسے لے جاؤ میں کسی کو نہیں روکوں گا۔ خدمت کا کام نہ چھوڑا ہے اور نہ چھوڑا جائے گا۔