(ویب ڈیسک ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو ہرا دیا۔
امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، ، گرین شرٹس صرف 13 رنز بناسکے۔
اس سے قبل امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نے حارث رؤف کو چوکا لگا کر میچ برابر کردیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں میزبان امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور امریکا کو 160 رنز کا ہدف دیا۔
قومی ٹیم کے 3 ٹاپ آرڈر بیٹرز پاورر پلے میں 26 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 9، عثمان خان 3 اور فخر زمان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان نے 25 گیندوں پر 40 رنز بنائے جبکہ اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم 43 گیندوں پر 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔افتخار احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث رؤف 3 اور شاہین شاہ آفریدی 16 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
امریکا کی جانب سے نوتوش کینجی نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سوراب نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔علی خان اور جسدیپ سنگھ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں امریکا کی پہلی وکٹ 12 رنز بنانے والے اسٹیون ٹیلر کی صورت میں 36 رنز پر گری۔ کپتان مونک پٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 50 رنز بنادیے۔آندریس گاؤس نے 35 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف، محمد عامر اور نسیم شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔