اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں پارٹی ہدایت کے مطابق تمام ارکان کوووٹنگ کیلئے حاضری یقینی بنانا ہو گی۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ 12 بجکر 15 منٹ کے بعداسمبلی ہال اور چیمبر کے دروازے بند ہو جائیں گے اور اس کے بعد کسی رکن کواسمبلی ہال میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
خط کے مطابق عدم حاضری پر رکن کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائے گی، ہدایت کی خلاف ورزی پر یہ اعلامیہ الیکشن میں پیش کیا جا سکتا ہے جبکہ غیر حاضر رکن کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج قومی اسمبلی اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ اعتماد کے ووٹ کی قرارداد وزیر خارجہ شاہ محمود ایوان میں پیش کریں گے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے، ایوان آرٹیکل 91/7 کے تحت وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس آج 12 بجکر 15 منٹ پر طلب کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آج قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان سامنے آیا ہے۔