سپر ٹیوز ڈے، بائڈن اور ٹرمپ آمنے سامنے

12:39 PM, 6 Mar, 2024

ویب ڈیسک: امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 'سپر ٹیوزڈے' پر ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی کے پرائمریز مقابلوں میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں اور امکان غالب نظر آ رہا ہے کہ وہ نومبر میں صدارتی الیکشن میں مدِ مقابل ہوں گے۔

تازہ ترین نتائج کے مطابق بائیڈن نے ڈیموکریٹک پارٹی کے 15 ریاستوں کے تمام پرائمری مقابلوں اور کاکسز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان ریاستوں میں ورجینیا، ٹیکساس، منی سوٹا اور کولوراڈو کی اہم ریاستیں بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے منگل رات گئے تک کے نتائج کے مطابق 13 ریاستوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔

ایک بیان میں صدر بائیڈن نے نومبر پانچ کے انتخابات کے حوالے سے متنبہ کیا کہ ٹرمپ کے لیے ایک اور صدارتی مدت کا مطلب "افراتفری، تقسیم اور تاریکی" ہو گا۔

بائیڈن نے کہا کہ "آج ملک بھر میں لاکھوں ووٹرز نے اپنی آوازیں سنائی ہیں، یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمیں پیچھے کی طرف لے جانے کے انتہائی منصوبے کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں۔"

ادھر ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو پچھلے تین برسوں کے دوران بڑی پسپائی کا سامنا رہا کیوں کہ بائیڈن نے معیشت اور امیگریشن سے نمٹنے میں غلطی کی۔

 سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس اور کیلیفورنیا سمیت 13 ریاستوں سے پرائمری انتخابات جیت لیے ہیں تاہم ورمونٹ میں نِکی ہیلی کے حیران کن اپ سیٹ کے بعد وہ کلین سویپ کرنے سے محروم رہ گئے۔

رپورٹ کے مطابق سابق صدر جو وائٹ ہاؤس میں واپسی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، جن کو 2020 میں ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

منگل کو ’سوپر ٹیوزڈے‘ کے سب سے بڑے مقابلے میں امریکہ کی سولہ ریاستوں میں پرائمری انتخابات منعقد ہوئے۔ ریاست الاباما، آرکنساس، مین، شمالی کیرولینا، اوکلاہوما، ٹینیسی، کولاراڈو، کیلیفورنیا، ٹیکساس، مینیسوٹا، میساچوسٹس اور ورجینیا کے پرائمری انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی ملی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں گنتی کا عمل جاری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

ریپبلکن پارٹی سے صدارتی امیدوار اور اقوام متحدہ کی سابق سفیر نِکی ہیلی ٹرمپ کی نامزدگی کے راستے میں ایک اہم رکاوٹ بننے میں ناکام رہی ہیں تاہم اب تک انہوں نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے سے انکار کیا ہے۔

توقع کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے مقابلے میں صدر جو بائیڈن پہلی 11 ریاستوں میں کامیاب رہے ہیں۔

امریکی سیاسی نیوز ویب سائٹ ریئل کلیئر پولیٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ، صدر جو بائیڈن سے دو پوائنٹس آگے ہیں۔

سوپر ٹیوز ڈے کیا ہے؟

 رپورٹ کے مطابق نومبر میں انتخابات سے قبل سوپر ٹیوز ڈے روایتی طور پر پرائمری انتخابات کے لیے ملک بھر میں سب سے بڑا دن ہے۔

منگل کو پانچ مارچ کو 16 ریاستوں اور ایک امریکی علاقہ نے صدارتی امیدوار  کو چنا جو نومبر میں ہونے والے صدارتی دوڑ میں حصہ لے گا۔

جس طرح امریکہ میں ہر سال تھینکس گیونگ ڈے یا یوم تشکر عام طور پر نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جاتا ہے، اسی طرح سپر ٹیوز ڈے ہمیشہ مارچ کا پہلا منگل ہوتا ہے۔

مزیدخبریں