کراچی میں سنار نے اپنی ہی دکان سے تین کلو سونا چرا لیا
05:42 AM, 6 May, 2021
کراچی(پبلک نیوز)کلفٹن کے علاقے میں سنار کی دکان سے بارہ کلو سونا چوری کیس کا معمہ حل ہو گیا ٗ دکان کے مالک نے اپنی ہی چوری کی اور سونے کو اپنے دوست کے دفتر میں چھپا دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن کے شاپنگ مال میں سنار کی دکان میں چوری کا معمہ حل ہو گیا ہے ٗ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری ہونے والا سونا برآمد کر لیا ٗ تین کلو سونا آئی آئی چندریگر روڈ پر کارروائی کے دوران ملا ٗ دکان کا مالک اور کیس میں مدعی آصف ہی اپنی دکان پر چوری کرنے والا نکلا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی آصف نے قرض اتارنے کیلئے بارہ کلو سونے کی چوری کا سوانگ رچایا ٗ جس کی مالیت تقریباً دس کروڑ روپے بنتی ہے۔آصف کے ساتھ ساتھ اس کا ساتھی وسیم بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں ٗ دکان سے بارہ کلو نہیں بلکہ تین کلو سونا چوری کیا گیا تھا ٗ پندرہ دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور مشتبہ افراد کے کال ریکارڈ سے پولیس نے اس کیس کو حل کیا۔پولیس کو ابتدا سے ہی شک تھا کہ بارہ کلو سونا چوری ہونے کے کئی گھنٹے بعد دکان کے مالک نے رپورٹ درج کروائی ٗ جب تفتیش کی گئی اور ملزمان سے پوچھ گچھ ہوئی تو معلوم ہوا کہ آصف نے ہی اپنی دکان سے سونا چوری کیا اور سونا بارہ کلو نہیں بلکہ تین کلو تھا جسے اس کے دوست وسیم کے آفس میں چھپایا گیا ہے۔