حلقہ این اے 249 کراچی میں گنتی کا عمل دوبارہ جاری

07:05 AM, 6 May, 2021

اویس
کراچی ( پبلک نیوز) حلقہ این اے 249 کراچی میں گنتی کا عمل دوبارہ جاری ہے ٗ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے مخصوص حلقوں پر دوبارہ گنتی کی درخواست قبول کی تھی۔تفصیلات کے مطابق 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے ٗ مفتاح اسماعیل کی درخواست پر گنتی ہورہی ہے ٗ30 امیدوار میں سے تاحال 16 امیدوار دوبارہ گنتی عمل میں شریک ہوئے ہیں۔پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل ،مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار کی جگہ رکن سندھ اسمبلی قاسم فخری ٗپاک سرزمين پارٹی کی جانب سے سید حفیظ الدین جبکہ پی ٹی آئی امیدوار امجد اقبال آفریدی ٗایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار سید مرسلین کی جگہ سید اشرف گنتی کے عمل میں شریک ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کر لی تھی ٗ مسلم لیگ(ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام جماعتوں کو 6 مئی کو دوبارہ گنتی کیلئے آر او آفس پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
مزیدخبریں