شہباز شریف نے طالبہ کو اسائنمنٹس سے بچنے کا طریقہ بتا دیا
09:19 AM, 6 May, 2021
لاہور ( ویب ڈیسک)پاکستانی طالبعلم اکثر اپنی ذہانت کی وجہ سے پوری دنیا میں نت نئے اعزاز اپنے نام کرتے رہیں گے ٗ عالمی تعلیمی مقابلوں میں کئی پاکستانی طالب علم ریکارڈ ہولڈر ہیں لیکن وطن عزیز میں ایسے طلبا کی بھی ایک بڑی تعداد پائی جاتی ہے جو پڑ ھنے لکھنے سے جان چھڑانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور کوئی ایسا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا جب ان کی جان پڑھائی سے چھوٹ سکے۔عالمی وبا کے دوران جب پوری دنیا ایس او پیز پر عملدرآمد میں مصروف تھی تو پاکستان میں بھی تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ٗ امتحانات میں بغیر پیپرز کے طلبہ کو اپ گریڈ کیا گیا تو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود پاکستانی طلبا کے ہردلعزیز کردار بن گئے ٗ جب بھی ان کی طرف سے سکولوں کی بندش یا امتحانات کے ملتوی ہونے کی خبر دی جاتی تو پاکستان کے کام چور طلبہ ان سےمحبت کا اظہار کرتے۔سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر تعلیم کے گن گائے جاتے ٗ ان کی تصاویر شیئر کی جاتیں اور کچھ ایسے لوگ بھی سوشل میڈیا پر نظر آتے جو اس حد تک چلے جاتے کہ اس خواہش کا اظہار کرتے ’’کاش ! شفقت محمود میرے والد ہوتے ‘‘۔ ایسی ہی ایک طالبہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ٹویٹر اکائونٹ پرنمودار ہوئی جب مسلم لیگ(ن) کے رہنما خوشاب میں جیت اور حکومت میں آنے کیلئے بعد اپنی پالیسیوں پر ٹویٹ کر رہے تھے ٗ طالبہ نےشہباز شریف کی ٹویٹ پر آکر اپنا مسئلہ کچھ اس طرح بیان کیا ’’ ہائے سر ! ٹیچرز اتنی اسائنمنٹس دیتے ہیں ٗ آپ نے حکومت میں آکر سب سے پہلے اس کا نوٹس لینا ہے‘‘۔https://twitter.com/CMShehbaz/status/1390058203275218952عوام میں اپنے سنجیدہ رکھ رکھائو کیلئے مشہور شہباز شریف بھی اس موقع پر شرارت کرنے سے باز نہ رہ سکے اور انہوں نے اس کمنٹ کا ریپلائی کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ اس کا ایک آسان حل ہے ٗ جب پوری کلاس اسائمنٹس جمع کروائے گی تو ٹیچرز پر مارکنگ کا لوڈ بڑھ جائے گا اور یہ کام اتنا آسان نہیں ہے۔اس کی وجہ سے ہو سکتا ہے آپ کو ملنے والی اسائنمنٹس میں خود بخود کمی آجائے‘‘۔ اپنے اس ریپلائی کے ساتھ شہباز شریف نے ایک سمائیلی ایموجی بھی شامل کردی۔