پبلک نیوز: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC)کے گرین پاکستان انیشیٹو(GPI) کے تحت پلانٹ فار پاکستان (Plant 4 Pakistan) مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلانٹ فار پاکستان (Plant 4 Pakistan) مہم کے تحت پاکستان کے مختلف اضلاع میں شجرکاری کو فروغ دینے، آلودگی کو کم کرنے اور تجاوزات پر قابو پانے کیلئے تفصیلی منصوبہ پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔
پلانٹ فار پاکستان (Plant 4 Pakistan) منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے راولپنڈی اور ساہیوال ڈویژن، خیبرپختونخوا کے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن اور آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور پونچھ شامل ہیں۔
اس مہم کا مقصد جنگلات کیلئے مختص علاقوں کی بحالی کو یقینی بنانا اور شہری و دیہی علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دینا ہے،اس منصوبے کی قیادت صوبائی حکومتیں کرینگی، جن کو کارپوریٹ سکیٹر، نوجوانوں، عام لوگوں اور پاک فوج کی بھرپور معاونت حاصل رہے گی۔
شجرکاری کے اہداف میں ملک بھر میں نرسریوں کا قیام، شاہراہوں، ریلوے لائنزاور نہروں کے اطراف کو سرسبز و شاداب بنانا اور لکڑی کی صنعت کا انضمام شامل ہیں،اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں مختص اضلاع میں حالیہ مون سون کے دوران وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ان کی بقاء کو یقینی بنایا جائے گا
یہ منصوبہ 2026ء تک جاری رہے گا جس میں اسی ماڈل کے تحت دوسرے اضلاع تک شجرکاری مہم کو توسیع دی جائے گی۔
اس منصوبے کے تحت نہ صرف آلودگی میں کمی واقع ہو گی بلکہ صوبائی حکومت کی سہولت کاری کے باعث لکڑی کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا اور نجی زمین مالکان کو مراعات ملیں گی۔