(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ہاتھ میں منگنی کی انگوٹھی پہن رکھی ہے۔
تفصیلات کےمطابق اداکارہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرکے ڈھکے چھپے الفاظ میں اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے دوسری شادی کا عندیہ دیا ہے, جویریہ عباسی نے مختلف تصاویر پر مشتمل ویڈیو شیئر کی، اس ویڈیو میں ایک ہاتھ اداکارہ کا ہے جس میں منگنی کی انگوٹھی ہے جب کہ دوسرا کسی مرد کا ہاتھ ہے۔
اداکارہ نے اپنی ہاتھوں میں ہاتھ تھامے مذکورہ ویڈیو پر مشتمل پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بگننگ‘ یعنی ’آغاز‘ اور ساتھ ہی نیلے رنگ کا دل والا ایموجی بھی شیئر کیا۔
جویریہ عباسی کی پوسٹ منظر عام پر آتے ہی ان کی بہن و اداکارہ انوشے عباسی سمیت دیگر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے منگنی کی خوشی میں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے, اس کے علاوہ ان کی بیٹی انزلہ عباسی نے بھی والدہ کی اس ویڈیو پر کمنٹ کیا اور اسے پیارا قرار دیا۔
دوسری جانب اداکارہ جویریہ عباسی نے بھی لوگوں کی مبارکبادیں وصول کیں اور سوشل میڈیا پیجز کی منگنی کی خبروں کو انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کیا۔
یاد رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، ان کی ایک بیٹی انزلہ عباسی ہے جس کی شادی انہوں نے گذشتہ برس کی ہے، جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کی شادی کے 12 برس بعد 2009 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔