ویب ڈیسک: امریکی فلموں اور برطانوی ٹیلی وژن میں پانچ دہائیوں تک راج کرنے والے اداکار برنارڈ ہل 79 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔
ٹائی ٹینک' میں ڈوبتے جہاز کے کپتان اور تیسری 'دی لارڈ آف دی رنگز: دی ریٹرن آف دی کنگ' میں کنگ تھیوڈن کا کردار ادا کرنے والے برنارڈ ہل کی دونوں فلموں کے پاس 11، 11 آسکرز جیتنے کا ریکارڈ بھی ہے۔
برنارڈ ' لارڈ آف دی رنگز' فرانچائز کی پہلی فلم 'دی ٹو ٹاورز' میں بھی کنگ تھیوڈن کا کردار ادا کر چکے ہیں۔
ہالی وڈ کی تاریخ میں آج تک صرف تین ہی فلمیں سب سے زیادہ 11 آسکرز جیتنے میں کامیاب ہو سکی ہیں، جس میں 1959 کی 'بین ہر'، 1997 کی ' ٹائی ٹینک' اور 2003 کی 'دی لارڈ آف دی رنگز: دی ریٹرن آف دی کنگ' شامل ہے۔
برنارڈ ہل کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کریئر کے دوران زیادہ تر سپورٹنگ کردار ادا کیے۔ انہوں نے ہدایت کار کلنٹ ایسٹ وڈ کی 'ٹرو کرائم'، اسٹیفن ہوپکنز کی 'دی گوسٹ اینڈ دی ڈارکنیس' اور سر رچرڈ اینٹبرا کی فلم 'گاندھی' میں بھی معاون کردار نبھائے۔
اداکار نے اپنے کریئر کا آغاز ستر کی دہائی میں برطانوی ٹیلی ویژن سے کیا تھا۔ ہارڈ لیبر، آئی کلاڈیئس اور دی بلیک اسٹف میں جان دار اداکاری کے بعد انہوں نے فلموں کی دنیا میں قدم رکھا.فلم ' ٹائی ٹینک' میں ان کا کردار اصل میں ڈوبنے والی ٹائی ٹینک کے کپتان ایڈورڈ اسمتھ پر مبنی تھا جسے انہوں نے بخوبی نبھایا۔ اس کے علاوہ انہوں گوتھیکا، ومبلڈن، ویلکری، اور گولڈن ایئرز میں بھی شان دار اداکاری کی۔
گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم 'فارایور ینگ' ان کے کریئر کی آخری فلم جب کہ عنقریب نشر ہونے والی سیریز 'ریسپونڈر' ان کی آخری ٹی وی سیریز ثابت ہوئی۔
اداکار نے سن 2014 میں نیوزی لینڈ کے ٹی وی تھری کے لیے منی سیریز 'ہوپ اینڈ وائر' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
برنارڈ ہل نے نیشنل جیوگرافک کی سیریز 'آئس پیٹرول' سمیت کئی ڈاکیومینٹریز میں بطور نریٹر یعنی راوی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔
وہ بیس برس سے زائد عرصے تک برطانوی تھیٹر سے بھی جڑے رہے جہاں انہوں نے ولیم شیکسپیئر کے ڈراموں 'ٹویلفتھ نائٹ' اور 'میکبتھ' سمیت کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔