ویب ڈیسک:امریکی صدر کے انتخاب کیلئے کئی ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی جبکہ کئی ریاستوں میں ابھی بھی ووٹ ڈالے جارہےہیں۔اس دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی کھرب پتی ایلون مسک نے معروف سرچ انجن 'گوگل' پر کملا ہیرس کی حمایت کا الزام عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے گوگل پر براہ راست الزام عائد نہیں کیا بلکہ انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ویڈیو کے ذریعے دعویٰ کیا گیا کہ جب صارفین نے گوگل پر سرچ کیا کہ 'میں کملا ہیرس کو کہاں ووٹ دے سکتا ہوں' تو سرچ رزلٹس میں پولنگ کے مقامات ظاہر ہوئے جبکہ کملا کی جگہ ٹرمپ کا نام لکھ کر یہی سرچ کرنے پر پولنگ کے مقامات ظاہر نہیں ہوئے۔
ایلون مسک نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ سے یہ ویڈیو ری پوسٹ کرتے ہوئے اس مسئلے کیجانب توجہ دلائی تو گوگل نے اس نقص کا اعتراف کرتے ہوئے وضاحت جاری کی۔
گوگل کیجانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا کہ 'ووٹ کہاں کرنا ہے' کا پینل مخصوص سرچ کے مطابق کام کرتا ہے، کیونکہ 'ہیرس' ٹیکساس کی ایک کاؤنٹی کا بھی نام ہے اس لیے ایسا ہوا، آپ وینس لکھ کر سرچ کریں گے تب بھی ایسا ہی ہوگا کیونکہ یہ بھی ایک کاؤنٹی کا نام ہے، اس نقص کو ٹھیک کرنے پر کام ہورہا ہے، تاہم یہ واضح رہے کہ بہت کم لوگ اس طرح ووٹنگ کے مقامات تلاش کرتے ہیں۔
گوگل کی وضاحت پر ایلون مسک نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ 'وضاحت کے لیے شکریہ'۔
واضح رہے کہ گوگل کے خلاف متعصبانہ رویے کے الزام کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ گوگل کا سرچ انجن ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کیجانب جھکاؤ رکھتا ہے۔