وزیر اعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، چینی شہریوں پر فائرنگ کرنیوالوں کوسزا دلوانے کی یقین دہانی

08:48 PM, 6 Nov, 2024

(ویب ڈیسک ) وزیراعظم  شہباز شریف نے   چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم شہباز شریف  نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔انہوں نے  گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔

وزیر اعظم  نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت کرنے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں۔شہباز شریف نے چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔

شہباز شریف نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں، واقعے میں زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے ہیں ، قابلِ اطمینان بات ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ   چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مزموم کوشش ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چینی سفیر نے وزیراعظم کی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ محسن رضا نقوی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں