پی ٹی آئی مظاہرین کے تشدد سے شہیدپولیس اہلکار کی نمازجنازہ ادا

11:18 AM, 6 Oct, 2024

ویب ڈیسک: گزشتہ روز ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے اسلام آباد پولیس کے  اہلکار حمید شاہ کی نمازجنازہ ڈی چوک میں ادا کردی گئی ہے۔  جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سمیت پولیس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

پولیس کے مطابق حمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ 

اسلام آباد پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکارکی نماز جنازہ کچھ دیربعدپولیس لائنز میں ادا کی جائےگی۔ 

پولیس کے مطابق شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔ 

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقتاً وقتاً جھڑپیں بھی جاری رہیں۔

گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا تھا کہ مظاہروں میں اسلام آباد پولیس کے 31 اہلکار، پنجاب پولیس کے 75 اہلکار زخمی ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ 

پولیس اہلکار کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہارافسوس:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے شہید اہلکار کی بلندی ء درجات کی دعاء اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔  

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا۔ اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں بھی سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا۔وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرپسندوں کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نےشہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والے شرپسندوں کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔ 

اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔ دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلی رتبہ پانے پر عبدالحمید شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان  کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔ 

مزیدخبریں