ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کل تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی، وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی بہترین اسٹریٹجی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی۔ شرپسندوں کے پتھراؤ سے ایک سینئر پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دہشتگرد اور فسادی کہتے ہیں ہمارا احتجاج پرامن تھا۔ خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی۔ احتجاج میں خیبرپختونخوا کی پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے تحریک فساد اور اسکے ماسٹر مائنڈ کو اس مرتبہ بھی ریجکٹ کردیا جو انقلاب لانے نکلے تھے اب وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
عظمیٰ بخاری نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہوں وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا ہے، مجھے افسوس ہے ان والدین پر جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے، جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ہیں؟ جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی وہی سہولیات کے پی کے عوام کا بھی حق ہے۔
کے پی کے عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے ان شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ پاکستان جب بھی ٹریک پر آتا ہے تو ایسے فتنے رخنہ ڈالنے کے لیے باہر نکل آتے ہیں۔