اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ، قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

10:12 PM, 6 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا۔  7 اکتوبر کو پورے ملک میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

جماعت اسلامی کے تحت الاقصی ملین مارچ  سے خطاب کرتے ہوئے  امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کا ملین مارچ کسی جماعت یا پارٹی کا نہیں بلکہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک کا ملین مارچ ہے ،  ملین مارچ پوری امت کی طرف سے اظہار یکجہتی بھی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ   اسرائیل سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا بھی امریکہ دہشت گرد ہے۔   اسرائیل غزہ میں خیموں اور اسپتالوں پر بھی بمباری کررہا ہے۔   یو این او کا اجلاس جاری تھا کہ اسرائیل کے صدر نے نقشہ پیش کیا اور نیل سے فراط تک گریٹر اسرائیل بنانے کا اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ   مسئلہ صرف قراردادوں اور واک آؤٹ کا نہیں ہے۔   امریکہ اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے ، صدارتی الیکشن میں امن کا نعرہ ہونا چاہیئے۔   امریکہ کے حکمران صدارتی الیکشن میں اسرائیل کا ساتھ دینے کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ   پوری دنیا کے ممالک غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اور اسرائیل کے خلاف ہیں ،  مسلم ممالک اپنا رول ادا نہیں کررہے ہیں۔   80 لاکھ کی ابادی کا ملک اسرائیل ہے ، 2 کروڑ اسلامی ممالک کے عوام ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ   اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کے خاموش ہونے کی وجہ سے مل رہی ہے ،   فلسطین کے بچوں ، بوڑھوں ، جوانوں اور عورتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔   23 لاکھ میں سے ایک بچہ، ایک بوڑھا ، ایک عورت کوئی ایسا نہیں ہے جو جھکنے کے لیے تیار ہو۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ   اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان شہید ہونے کے لیے تیار ہیں اور پوری دنیا کو جگارہے ہیں۔   اگر آج مسلم امہ کے حکمران اکٹھا نہیں ہوں گے تو کل اسرائیل تمہیں بھی نہیں چھوڑے گا۔  عرب کے حکمران سے کہنا چاہتے ہیں کہ اسرائیل حجاز مقدس پر بھی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ   اسرائیل کو صرف اور صرف جذبہ جہاد اور شوق شہادت ہی روک سکتی ہے۔  2006 میں حماس نے فلسطین میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔  7 اکتوبر کو حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی کو شکست دی اور ان کے فوجیوں کو ہلاک کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ   اسرائیل نہتے بچوں اور عورتوں پر بمباری کررہا ہے اور اب لبنان پر حملہ کررہا ہے۔   حکمران تمہیں جاگنا پڑے گا ورنہ تمہاری داستاں نہیں ہوگی داستانوں میں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ   ہم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے سربراہان سے ملاقات کی اور غزہ کے حوالے سے ساتھ چلنے کا کہا۔   ہم نے ملاقات میں کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے عالم اسلام کی افواج کا اجلاس بلایا جائے اور متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔  اگر انہوں نے متفقہ لائحہ عمل طے نہیں کیا تو جماعت اسلامی ان کا تعاقب کرے گی اور انسانیت دشمن قرار دیا جائے گا۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ   بانی پاکستان قائد اعظم نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔   قائد اعظم نے یہ اعلان اس وقت کیا تھا جب پاکستان کی معیشت کچھ نہیں تھی۔   شیعہ سنی کے جھگڑے کو طول دی جارہی ہے ہم ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔   اسرائیل کے میزائل فلسطین کے شیعہ سنی سب کے لیے ایک ہیں۔  ہم متحد ہو کر سامراج کو کمزور کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ   اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے تاریخی اور کامیاب ملین مارچ کیا۔   7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا۔   7 اکتوبر کو پورے ملک میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ   تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں و طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ 7 اکتوبر کو فلسطین سے یوم یکجہتی کا دن منایا جائے۔  یوم یکجہتی فلسطین کی کال جماعت اسلامی نے دی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان کے عوام بلا تفریق رنگ و نسل 12 بجے نکل کر یوم یکجہتی غزہ منائیں گے۔ 

آخر میں  حافظ نعیم الرحمان  نے کہا کہ   اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔

مزیدخبریں