کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
01:28 PM, 6 Sep, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے میڈیا، سیکیورٹی اہلکاران اور مانیٹرنگ ٹیموں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا۔ مانیٹرنگ ٹیمیں تمام سٹیک ہولڈرز سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروائیں گی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق پولیس اور رینجرز پولنگ اسٹیشن کے باہر ڈیوٹی کریں گے۔ سیکیورٹی اہلکاران ووٹرز کے ساتھ نرمی اور اخلاق سے پیش آئیں گے۔ سیکیورٹی اہلکاران غیر جانبدارانہ رویہ رکھیں گے۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ صرف الیکشن کمیشن کے اجازت نامہ کے حامل افراد کو پولنگ اسٹیشن میں کیمرہ لانے دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے قومی و بین الاقوامی آبزرورز کو انتخابات کے مشاہدے کی اجازت دی ہے۔ ان آبزرورز کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے میڈیا کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ میڈیا پریزائیڈنگ افسر، ریٹرننگ افسر یا الیکشن کمیشن کی طرف سے تصدیق شدہ نتائج نشر کرے گا۔ انتخابی امیدواران کی ذاتی زندگی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ پیمرا امیدواران، سیاسی جماعتوں کی میڈیا پر انتخابی مہم کو مانیٹر کرے گا۔ پیمرا میڈیا ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ میڈیا کو پولنگ اسٹیشن کے اندر کیمرہ لیجانے کیلئے اجازت نامے جاری کئے جائیں گے۔