وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر پیغام

05:29 AM, 6 Sep, 2022

احمد علی
اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ دفاع آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری بہادر فوج نے ثابت کیا کہ وہ وطن کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہے. یوم دفاع و شہداء پر پیغام دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کے دن کو جرأت وبہادری کی علامت اور دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے، آج سے 57 سال قبل اس دن ہماری بہادر افواج پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دیا تھا کہ وہ مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،اس دن پوری پاکستانی قوم بے مثال اتحاد اور پرعزم قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کی حمایت کے لیے آگے آئی، قوم کے بے مثال اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے نے ہمارے افسروں اور جوانوں، پائلٹوں اور سیلرز کو ہندوستانی جارحیت کے خلاف مادر وطن کی حفاظت کی لڑائی میں توانائی بخشی۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم اس سرزمین کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، خاص طور پر ہمارے ان قابل فخر شہداء کو جنہوں نے بے خوفی اور بہادری سے اس دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو عددی طاقت میں بہت بڑا تھا، ہم شہدا کے والدین اور اہل خانہ کا بے حد احترام کرتے ہیں جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کی جدائی کے غم کو ہمت سے برداشت کیا، ان ہیروز، غازیوں، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے محکموں اور انٹیلی جنس اداروں کے جوانوں کو بھی سلام، جو سخت موسموں اور مخالف ماحول میں مادرِ وطن کی سرحدوں کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اس سال پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، اِس دن میرا دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ 6 ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھیں، میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے مذموم عناصر کو شکست دیں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کو بہترین خراج تحسین یہ ہے کہ ہم اپنے بانیوں کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیر ِنو کریں، ایک ایسا ملک جو معاشی طور پر مضبوط، سیاسی طور پر مستحکم اور سماجی طور پر ہم آہنگ ہو وہ بہتر طریقے سے اپنا دفاع کر سکتا ہے اور اپنی خارجہ پالیسی کے اہم مقاصد کو فروغ اور تحفظ دے سکتا ہے، اتحادی حکومت کا وِژن اور ایجنڈا بھی یہی ہے.
مزیدخبریں