'ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں'
06:55 AM, 6 Sep, 2022
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے 6 ستمبر یوم دفاع کی مناسبت سے پیغام جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی بہادر قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے تمام مشکلات کے باوجود مادر وطن کی حفاظت کی، جس کیلئے قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء نے جانیں دے کر قومی پرچم کو بلند رکھا، ہماری آزادی اور امن ان شہداء کی بے مثال قربانیوں کی مرہون منت ہیں۔ واضح رہے کہ یوم دفاع آج ملی جوش و جذبےسے منایا جا رہا ہے اور آج ہی کے دن انیس سوپینسٹھ میں پاک بھارت معرکہ شروع ہوا تھا اور پاک افواج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی تمام ترچالوں کوناکام بنایا تھا۔