خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو قطر ایئر ویز کا حصہ بنانے کی خبروں کی تردید کر دی
04:54 PM, 6 Sep, 2022
وفاقی وزیر ہوابازی اور ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو قطر ایئر ویز کا حصہ بنانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ قطر کے دوران پی آئی اے ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا، ایسی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں کہ پی آئی اے کو قطر ایئر ویز کے حوالے کیا جا رہا ہے. واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے خبریں آئیں تھیں کہ پاکستان کو قطر سے غیر معمولی پیکیج ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے ڈیل پر مذاکرات جاری تھے اورقطر نے 3 ارب ڈالر تک سیف ڈیپازٹ سے معذوری ظاہر کی تھی تاہم اب پیکج کو توسیع دے کر 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا تھا کہ پی آئی اے کو قطر ایئر لائن کا حصہ بنا کر لاہور کراچی اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر معاہدہ ہوگا۔معاہدے کے نکات پر 4 ستمبر سے ٹیکنیکل بات چیت چل رہی ہے۔ چند روز قبل بھی وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پاکستانی ایئرپورٹس کا کنٹرول قطر کے حوالے کیے جانے سے متعلق خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’کوئی ائیرپورٹ نہ تو فروخت ہورہا ہے نہ اس حوالے سے کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی قومی ایئرلائن کے شیئرز دینے پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے‘۔