صدر مملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی شخصیات کا یوم دفاع پر غازیوں اور شہیدوں کو سلام

09:36 AM, 6 Sep, 2024

ویب ڈیسک: یوم دفاع وطن پر صدر پاکستان،وزیراعظم شہباز شریف ،وزیرداخلہ محسن نقوی سمیت دیگرسیاسی شخصیات نے  غازیوں اور شہیدوں کو سلام پیش کیا۔

صدر آصف زرداری 

تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، ہم سب دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں، ادارے بھی دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یوم دفاع ہمارے دفاع اور استقلال کی علامت بن چکا ہے، ہماری افواج کا حوصلہ اور فرض سے لگن ہی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔

محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد اور خود مختارمملکت میں زندگی گزار رہے ہیں، شہداء کے جذبے کو اپنے دلوں میں بسا کر ہی پاکستان کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی

یومِ دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک دھرتی کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 ستمبرکو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا، رات کی تاریکی میں حملہ آور بزدل دشمن کو پاک فوج نے داندن شکن جواب دیا، افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں اور فوجی جوانوں کی جرات و بہادری ہماری پہچان اور فخر ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں، پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں اپنے فوجی جوانوں کی بہادری اور عزم کو یاد دلاتا ہے، ہم آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ 6ستمبر 1965ء ہماری عسکری تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے، اس دن پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پاک فوج نےثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، دفاع پاکستان کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو سلام ہے، خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے، پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، 6ستمبر ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے ،بھارت کی بزدل فوج سیز فائر لائن پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔  

مزیدخبریں