چین سپر ٹائیفون ’’ یاگی ’’کی زد میں، پروازیں منسوخ ، تعلیمی ادارے دفاتر بند

12:04 PM, 6 Sep, 2024

ویب ڈیسک : چین کے جنوبی علاقے طاقتور طوفانسپر ٹائیفون یاگی‘ کی زد میں آنے سے سکول دوسرے روز بھی بند رہے جبکہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپر ٹائیفون یاگی کو دنیا کا دوسرا طاقتور طوفان قرار دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں پانچویں درجے کے سب سے طاقتور طوفان بیرل نے امریکہ کے ساحلی علاقوں سمیت کریبین کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔
 جنوبی چین میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کے باعث ٹرانسپورٹ کے ذرائع بند رکھے گئے جبکہ ہانگ کانگ کو چین کے علاقے مکاؤ اور گوانڈونگ سے جوڑنے والا طویل پل بھی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔

سمندری طوفان یاگی کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں ہوائیں 245 کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے چل رہی ہیں۔
ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں کے چار ایئرپورٹس سنیچر کو بھی بند رہیں گے۔
ہانگ کانگ کا کہنا ہے کہ طوفان یاگی کے دوسری سمت میں بڑھنے سے ہواؤں کے زور میں کمی کا امکان ہے جس کے بعد کاروبار دوبارہ سے کھلنا شروع ہو جائیں گے، تاہم بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لہٰذا شہریوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کا کہا گیا ہے۔
چینی حکومت نے گوانڈونگ اور ہینان میں طوفان اور سیلاب کی صورت میں مدد کے لیے ٹاسک فورس بھجوا دی ہے۔
ہینان میں اس قدر طاقتور طوفان کا آنا غیرمعمولی ہے جہاں ماضی میں کمزور نوعیت کے ٹائیفون آتے رہے ہیں۔ سال 1994 سے 2003 کے درمیان ہینان میں 106 ٹائیفون آ چکے ہیں لیکن ان میں سے صرف 9 کو سپر ٹائیفون کا درجہ دیا گیا۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندروں کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ٹائیفون کی شدت بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے جنوب مغربی جاپان میں آنے والا ٹائیفون شنشان کئی دہائیوں میں آنے والا شدید ترین طوفان تھا۔
 
 

مزیدخبریں