پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کی ٹیم کو 28 رنز سے ہرا کر تین میچز پر مشتمل سیریز 1-2 سے جیت لی۔
جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آخری اور تیسرے مقابلے میں قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 320 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 292 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے جانے من میلان نے 70 جبکہ ویرینے 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پلہلکوایانے 54 رنز سکور کیے۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد نوازاور شاہین شاہ آفریدی نے3، 3 جبکہ حارث رؤف 2 اور حسن علی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار سینچری سکور کی، وہ ایک سو ایک رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم نے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کو اس ہدف تک پہنچانے میں حسن علی کے 11 بالز پر 32 رنز نے اہم کردار ادا کیا، وہ ناقابل شکست رہے، پاکستان نے آخری 5 اوورز میں 62 رنز سکور کیے۔
.جنوبی افریقا کی جانب سے کیسہو مہاراج نے 3 جبکہ مارکرم نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا
یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان کو شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی تھی۔