اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو مراد سعید کی گرفتاری سے روک دیا

11:52 AM, 7 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمات کی تفصیلات آنے تک سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری سے پولیس کو روک دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی ہے ۔ درخواست گزار کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت میں درخواستگزار کے وکیل نے استدعا کی کہ میرے موکل کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں میں جاری انکوائری اور تفتیش کی تفصیلات فراہم کی جائیں جب کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک مراد سعید کو گرفتار کرنے سے بھی روکا جائے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں یہ کہا ہے کہ آئندہ سماعت تک مراد سعید کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ عدالتِ عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ فریقین کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں، مناسب احکامات جاری کریں گے۔ عدالت نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید پر درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں ۔
مزیدخبریں