کالعدم بی این اے کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شنبےگرفتار

12:07 PM, 7 Apr, 2023

احمد علی
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کر لیا ہے ، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما بھی ہے ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بی این اے، بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی ، بلوچ نیشنل آرمی نوشکی اور پنجگور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے ، گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہ چکا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق گلزارامام بلوچ راجی آجوئی سانگرکی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا ہے ، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگرکا آپریشنل سربراہ بھی رہ چکا ہے ،گلزار امام کے بھارت اور افغانستان کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ گلزارامام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد ہی گرفتار کیا گیا ہے ، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے ، اس کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے ۔
مزیدخبریں