ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 44.49 فیصد تک پہنچ گئی

05:55 PM, 7 Apr, 2023

احمد علی
کراچی : ملک بھر میں مہنگائی کی مجموعی شرح 44 اعشاریہ 49 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ نو دو فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کی صورتحال پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 27 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 7 اشیا کی قیتوں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 14 روپے 64 پیسے کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 81 روپے 66 پیسے مہنگا ہوا، برائلر زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 51 روپے 83 پیسے اضافہ ہوا، آلو کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 99 پیسے اضافہ ہوا۔ ہفتے کے دوران کیلئے فی درجن 11 روپے 52 پیسے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں مٹن 2 روپے 73 پیسے اور بیف 5 روپے 15 پیسے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں دال، چاول سمیت دودھ، دہی، انڈے بھی مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز 14 روپے 06 پیسے سستے ہوئے، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے 15 پیسے کمی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 122 روپے 58 پیسے سستا ہوا۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطا بق ایک ہفتے میں 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
مزیدخبریں