کترینہ اور وکی کی شادی، لائیو کوریج دکھانے پر 100 کروڑ روپے کی آفر

08:53 AM, 7 Dec, 2021

Rana Shahzad
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی خبروں نے ہلچل مچا رکھی ہے۔ خبریں ہیں کہ دونوں فلمی ستاروں کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر وہ شادی کی لائیو کوریج کی اجازت دیں تو انھیں 100 کروڑ روپے ادا کئے جائیں گے۔ کترینہ اور وکی کے درمیان شادی کی خبروں میں عوامی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان دنوں ہر بھارتی چینل صرف یہی خبر دکھا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کترینہ اور وکی کے نام کے ہیش ٹیگز بن چکے ہیں۔ انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ ان دونوں فلمی ستاروں کی شادی راجھستان کے شاہی خاندان کی ملکیت محل میں منعقد ہو گی۔ اس شادی کی تیاریوں کو انتہائی پوشیدہ رکھا گیا ہے۔ اس میں صرف مخصوص لوگوں کو ہی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی میں شرکت کرنے والوں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ کوئی ویڈیو یا تصویر نہیں بنا سکیں گے۔ اس مقصد کیلئے انھیں بغیر موبائل فون کے اس تقریب میں آنا ہوگا۔ خبریں ہیں کہ سلمان خان کے ذاتی باڈی گارڈز اس تقریب کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس خفیہ شادی میں نتاشا دلال، ورون دھون، کیارا ایڈوانی، سدھارتھ ملہوترا، روہت شیٹی، منی ماتھر، کبیرخان، علی عباس ظفر اور کرن جوہر سمیت صرف مخصوص مہمان ہی شرکت کریں گے۔ شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ایک ‘ سیکرٹ آئی ڈی‘ دیا جائے گا اس کے بغیر کسی کو محل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم نے کترینہ کیف اور وکی کوشل کو بڑی آفر دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے شادی کی لائیو کوریج کرنے کی اجازت دی جائے تو جوڑے کو ایک ارب روپے کی رقم ادا کی جائے گی۔ تاہم ابھی تک دونوں نے اس آفر کا جواب نہیں دیا ہے۔
مزیدخبریں