عدالت کا عافیہ صدیقی معاملہ امریکی سفیر کیساتھ اٹھانے کا حکم

11:16 AM, 7 Dec, 2022

احمد علی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ پاکستان میں امریکی سفیر کے ساتھ اٹھانے کا حکم دے دیا۔ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت نے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا اور معاملہ پاکستان میں امریکی سفیر کے ساتھ اٹھانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا چاہتے ہیں پاکستان میں امریکی سفیر کا اس پر کیا ردعمل ہے۔ وزارت خارجہ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ جسٹس سردار اعجاز نے کہا کہ 17 اکتوبر کے عدالتی حکم کے بعد آپ نے کچھ نہیں کیا۔ آپ بیان دے دیں ہم کچھ نہیں کر سکتے، کیس ختم کر دیں گے۔ نمائندہ دفتر خارجہ نے کہا رحم کی اپیل کی پٹیشن ابھی امریکی صدر آفس میں زیر التوا ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ستمبر میں ویزا کی درخواست دی لیکن ابھی ویزا نہیں لگا۔ وزارت خارجہ کیا کر سکتی ہے؟. عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عافیہ صدیقی کی جسمانی و ذہنی صحت جاننے سے متعلق آپ نے امریکی محکمہ انصاف کو لکھا؟ کیا وہ آپ کا جواب اس حد تک بھی نہیں دیتے۔ دو لائنیں بھی نہیں کہ ان کو آپ کا لیٹر ملا ہے۔ عدالت نے وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ کے دستخط کے ساتھ رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری ملتوی کردی۔
مزیدخبریں