سردی کی نئی لہر،محکمہ موسمیات نےبارشوں کی پیشگوئی کردی

09:41 AM, 7 Dec, 2024

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا، آج سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہونے سے درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری کم ہوجائے گا جب کہ کراچی میں بھی سردی کی انٹری کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ 7 دسمبر سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہونے سے درجہ حرارت مزید کم ہوجائے گا، جس کے زیر اثر 8 سے 14 دسمبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا لیکن سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، کراچی میں بھی راتیں خنک ہونے لگیں، شہر کا مطلع صاف ہے اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنےکی پیش گوئی کی گئی، اس دوران سمندری علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔اس کے علاوہ 7 سے 11 دسمبر کے دوران چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ ،ایبٹ آباد، استور، غذر، گلگت، ہنزد، اسکردو، وادی نیلم میں بارش متوقع ہے جب کہ مظفر آباد، راولا کوٹ، کوٹلی، حویلیاں میں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 8 دسمبر کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال ، سیالکوٹ اور حافظ آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جب کہ پنجاب میں گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، خوشاب،فیصل آباد اور جھنگ میں تیز رفتار اور گرج چک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے جبکہ بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسم کی پیشگوئی اور خاص طور پر سردی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو ترتیب دیں جب کہ رات اور صبح کے وقت زیادہ وقت کے لیے باہر کام کرنے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو متنبہ کیا کہ وہ اس مدت کے دوران محتاط رہیں۔

دوسری جانب، مری کے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر شیرازی نے ڈان کو بتایا کہ برفباری کے دوران ٹریفک کے انتظام کے لیے ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس نے ہل اسٹیشن پر اضافی نفری تعینات کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے موصول ہونے والے ریسکیو اور امدادی سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیک بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں