راولپنڈی(پبلک نیوز) پاک جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران سٹیڈیم سے حراست میں لیے جانے والے بکی کے خلاف تھانہ نیوٹاون میں باقائدہ مقدمہ درج کرلیا گیا، بکی کے خلاف مقدمہ ایف ائی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کے اسٹنٹ ڈائریکڑ کی مدعیت میں درج کیاگیا.
تفصیلات کے مطابق بلال نامی بکی کراچی سٹیڈیم کے لیے جاری انٹری کارڈ استعمال کرکے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں داخل ہوا، ملز م نے موبائل ایپ سپیڈ ٹیسٹ پر تیرہ ہزار روپے جوا لگا رکھا تھا. ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف کیا کہ آن لائن جوا کھیل رہا تھا، ملزم سے دو موبائل فون اور انٹری کارڈ قبضے میں لیکر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے .
ایف آئی اے کی درخواست پر بکی بلال احمد کے خلاف تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات ایف آئی اے کی جانب سے کی گئی ہیں، ایس پی راول راۓ مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ معاملہ کی جامع تحقیقات کے سلسلہ میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے.
جے آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات عمل میں لاتے ہوۓ بکی بلال احمد کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کے خلاف بھی کارروائی کی جاۓ گی، جوا اور بکنگ کے ذریعے کھیل اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کرداروں کو بے نقاب کیا جاۓ گا.
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بکی کو گرفتار کیا گیا.