شوٹنگ کے دوران حرا مانی اور ڈائریکٹر پر حملہ
05:48 AM, 7 Feb, 2023
کراچی: جمشید کوارٹر میں نجی ٹی وی کے ڈرامےکی شوٹنگ کے دوران جھگڑے کے بعد علاقہ مکینوں نے حرا مانی اور ڈائریکٹر پر حملہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہدایتکار نبیل قریشی ، اداکارہ حرا مانی اور دیگر ٹیم نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے وا لے حملے کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ ہدایتکار کا کہنا ہے کہ پی آئی بی کالونی جمشید کوارٹر میں شوٹنگ جاری تھی کہ علاقہ مکینوں نے ٹیم پر حملہ کر دیا اور حرا مانی سمیت دیگر اراکین کو ہراساں کیا اور ان سے ان کا قیمتی سامان بھی چھین لیا تھا ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقع کے بارے میں مزید بتایا کہ ہم اس وقت پولیس اسٹیشن میں بیٹھے ہیں اور ہمارے ساتھ کراچی میں اس سے پہلے اس نوعیت کا واقعہ کبھی بھی پیش نہیں آیا تھا ، نبیل کا کہنا تھا کہ حملہ آور اسلحہ سے لیس تھے انہوں نے خواتین کا لحاظ تک نہ کیا اور ان پر بھی ہاتھ اُٹھایا اور ہمارے موبائل، بٹوے سمیت قیمتی سازو سامان لوٹ کر لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین یہ چاہتے تھے کہ ان کے علاقے میں شوٹنگ نہ کی جائے ۔ پولیس کے مطابق ناخوشگوار واقعے کے دوران اداکار اور دیگر اسٹاف سے بدتمیزی کی گئی ہے جس پر دو افراد کو حراست میں لے کر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ اپنی ٹیم کے عملے کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے ہمیں بچانے کیلئے آخری حد تک کوشش کی اور وہ خود زخمی ہوگئے اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اداکارہ حرا اور دیگر چائلڈ آرٹسٹ نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ عملے کے زخمی افراد اسپتال میں داخل ہیں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی جائے .