پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، الرٹ جاری

01:26 PM, 7 Feb, 2023

احمد علی
محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کے دوران ملک کےمغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں بدھ(رات) کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی۔ 09 فروری کو ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی اور 10 فروری تک شمالی علاقہ جات پر موجود رہیں گی۔ بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برفباری کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 09 سے10 فروری کے دوران اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ ،نارووال میں بارش کا امکان ہے۔ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی دوران چند مقا مات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 08 سے 10 فروری کے دوران مری میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔ برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔ اسی دوران مری میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاح بارش اور برفباری کے دوران محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے 24/7 الرٹ ہیں۔ برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری اور سٹاف کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز بھی مکمل فعال ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطا بق کنٹرول رومز سے مری کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔مری جانے والے سیاح ایڈوائزری پر من و عن عمل کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
مزیدخبریں