کپل شرما کے ساتھی اداکار تیرتھانند راؤ نے زہر کھا لیا
03:47 AM, 7 Jan, 2022
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کے ساتھی اداکار اور کامیڈین’تیرتھانند راؤ ‘‘نے زہر کھا لیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق انڈین کامیڈین تیرتھانند راؤ کورونا وائرس کے باعث ہونے والی مالی پریشانیوں سے شدید پریشان تھے، انہوں نے زندگی سے دلبرداشتہ ہو کر زہر کھا لیا۔ تیرتھا نند راؤ گذشتہ 15 برس سے شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں۔ وہ کامیڈین ہونے کے علاوہ معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کے ہمشکل کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ تیرتھا نند نے مالی مشکلات کی وجہ سے 27 دسمبر کو زہر کھا کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم خوش قسمتی سے ان کے پڑوسیوں نے انہیں صحیح وقت پر ہسپتال پہنچایا جس کی وجہ سے ان کی زندگی بچ گئی۔ تیرتھانند راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتہائی قدم اٹھانے کے بارے میں بتایا کہ مالی مشکلات کے سبب ان کے گھر والوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ یہاں تک کہ ہسپتال میں ان کی ماں اور بھائی بھی ان سے ملنے نہیں آئے۔ واضح رہے کہ تیرتھانند راؤ نے کپل شرما اور بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ شوئیتا تیواری کے ساتھ ’’ کامیڈی سرکس کے عجوبے‘‘ میں کام کیا تھا۔