رحیم یار خان کے علاقے رکن پور میں پر اسرار بیماری مزید پھیل گئی
12:46 PM, 7 Jan, 2023
رحیم یار خان کے نواحی علاقہ رکن پور میں پر اسرار بیماری مزید پھیل گئی ہے ،متاثرہ خاندان کے مزید 9 افراد تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے نواحی علاقہ رکن پور میں 12 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے ،اس پر اسرار بیماری میں متاثرہ خاندان کے مزید 9 افراد تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچ گئے ہیں ،جن میں سے 6 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں ۔ ترجمان شیخ زید ہسپتال کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی 5 رکنی ٹیم ڈائریکٹر ہیلتھ کے ہمراہ متاثرہ علاقے پہنچ چکی ہے ، عالمی ماہرین نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور علاقے کے لوگوں سے ملاقات کی اور ملحقہ علاقوں کا جائزہ بھی لیا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے پر اسرار طور پر جاں بحق افراد کی موت کی ہر ممکن وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، محکمہ صحت نے بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے علاقے میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیا ہے ۔ محکمہ صحت کے سی او اور شیخ زید ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق گردن توڑ بخار 12 افراد کی موت کی وجہ بنا ہے ، علاقہ مکین اس پر اسرار بیماری کی وجہ خوف وہراس میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔