وزیر اعظم کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس

07:48 AM, 7 Jul, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میری نسل کے لئے دلیپ کمار سب سے بڑے اور انتہائی ورسٹائل اداکار تھے۔

عمران خان کا سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ دلیپ کمار کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ جب میرا شوکت خانم ہسپتال کا پروجیکٹ شروع ہوا تو فنڈ جمع کرنے میں مدد کے لئے اپنا وقت دینے میں دلیپ کمار کی فیاضی کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ پہلے 10 فیصد فنڈ جمع کرنا سب سے مشکل کام تھا ، تاہم پاکستان اور لندن میں دلیپ کمار کی موجودگی سے بڑی رقم اکٹھی کرنے میں مدد ملی۔

یاد رہے کہ دلیپ کمار بھی عمران خان کے بڑے مداح تھے ان کی عمران خان کے ساتھ کئی یادیں ہیں۔

واضح رہے کہ برصغیر کے مایہ ناز فنکار دلیپ کمار طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ٗ انہوں نے مغل اعظم ٗ دیوداس جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اپنی لافانی اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہیں برصغیر پاک و ہند کے بڑے اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں