لاہور: ٹریفک وارڈنز نے روڈ پر ملنے والے 10 لاکھ شہری کو دے دیئے
03:15 PM, 7 Jul, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) ٹریفک وارڈنز نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ قادری چوک کے قریب ٹریفک وارڈنز نے روڈ پر ملنے پر شہری کے 10 لاکھ روپے واپس کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق سردار محمد خان نامی شہری کے موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے 10 لاکھ روپے گر گئے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران وارڈن زبیر اور کانسٹیبل صبح صادق کو پیسوں سے بھرا شاپر ملا۔ دو گھنٹے بعد شہری تلاش کرتے ہوئے پریشانی میں وارڈنز کے پاس اور پیسوں کی گمشدگی بارے بتلایا۔ وارڈنز نے جانچ پڑتال کے بعد شہری کے 10 لاکھ روپے واپس کر دیئے۔ شہری سردار محمد خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو امڈ آئے۔ شہری سردار محمد خان کا کہنا تھا کہ وارڈنز بلاشبہ ایماندار فورس ہے۔ دوسری جانب سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے ایمانداری کا مظاہرہ کرنے پر وارڈنز کو شاباش دی اور تعریفی اسناد بھی جاری کیں سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔