عید سے قبل کورونا وائرس میں شدت، 9 اموات رپورٹ
05:19 AM, 7 Jul, 2022
پاکستان میں عید الاضحیٰ سے پہلے عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسوں میں شدت آ گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس مرض میں مبتلا 9 مریضوں کا انتقال ہو گیا جبکہ 165 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 23125 ٹیسٹ کئے گئے، جس میں کورونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ .77 فیصد رہی۔ اس وقت پاکستان بھر کے ہسپتالوں میں 165 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار 150 کورونا ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے 805 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ اس طرح مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 4 اعشاریہ .69 فیصد رہی تھی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی )نے عید کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات پر سیر وتفریح کیلئے جانے والے شہریوں کو کورونا کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرہجوم جگہ جانے سے گریز کیا جائے۔ ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے، جن کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے وہ بوسٹر ڈوز لازماً لگوائیں۔ https://twitter.com/NIH_Pakistan/status/1544859205622026240?s=20&t=1OnO2Kfr-aMIaVZFXUdScw بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں اور جن افراد نے اپنی ویکسنیشن مکمل کر لی ہے وہ بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوا ئیں۔شہریوں کو اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ،آندھی اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ این سی او سی نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں، اِس لئے شہری اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہوں۔ شہریوں کو طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتیاط برتنے اور راستے کلیئر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام اور اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔