عوام کو بجلی کے 100 یونٹ مفت دینے کا پروگرام معطل
07:03 AM, 7 Jul, 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی جانب سے غریب عوام کیلئے شروع کئے گئے روشن گھر پروگرام کو معطل کر دیا ہے۔ اس پروگرام کی معطلی 17 جولائی تک جاری رہے گی۔ تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی جانب سے ضابطہ اخلاق سے متعلق کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے سامنے وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل پیش ہوئے اور اپنا جواب کو جمع کرایا۔ اس میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز شریف کی جانب سے غریب عوام کو مفت بجلی دینے کا اعلان صرف ان حلقوں کیلئے نہیں ہے، جہاں 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔ حمزہ شہباز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ صوبہ پنجاب کے تقریباً 90 لاکھ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ روشن گھر پروگرام منصوبہ بجٹ میں شامل ہے، اسے ابھی نہیں بنایا گیا تھا۔ اس کیلئے صوبائی بجٹ میں 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو یہ سہولت دے کر ووٹروں کی توجہ اپنی جانب مبذول نہیں کرانا چاہتے۔ اگر حکومت کل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دے تو کیا یہ بھی ضمنی الیکشن کے حوالے سے ہوگا؟ یقیناً ایسا نہیں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل سے استفسار کیا کہ ہمیں بتایا جائے کہ روشن گھر پروگرام کو اگر صوبائی بجٹ میں شامل کیا گیا تھا تو اس کیلئے بعد میں پریس کانفرنس کیوں کی گئی اور اس میں عوام کو دی جانے والی اس سہولت کا اعلان کیوں کیا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ جتنا ردعمل پریس کانفرنس کے بعد آیا، اتنا بجٹ پروگرام میں اسے مختص کرنے سے نہیں آیا تھا۔ اگر صوبائی بجٹ میں اس پروگرام کو شامل کیا جا چکا تھا تو بعد ازاں ضمنی الیکشن سے قبل اس کا اعلان کرنے کی قطعی ضرورت نہیں تھی۔ سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ترقیاتی سکیموں کے اعلان سے منع کیا گیا ہے۔ روشن گھر پروگرام نے ضمنی الیکشن کو متاثر کیا ہے۔ اگر یہ روشن گھر پروگرام پنجاب کے بجٹ میں شامل ہے تو اسے ضمنی انتخابات کے بعد جاری کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو واضح کیا جائے کہ ہم کسی صورت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے۔ ضمنی الیکشن سے قبل کسی نئے ترقیاتی پراجیکٹ کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکم دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا روشن گھر پروگرام ضمنی الیکشن کے انعقاد 17 جولائی تک معطل کر دیا جائے تاہم اس کے بعد اس کو شروع کیا جا سکتا ہے۔