اقرا عزیز اور یاسر حسین کو یو اے ای کا گولڈن ویزا مل گیا
07:56 AM, 7 Jul, 2022
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقرا عزیز کو متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا مل گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آجکل دونوں دبئی میں ہیں اور گولڈن ویزا ملنے سے متعلق انہوں نے ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بہت سارے شعبہ جات کے لیے یہ ’ گولڈن ویزا‘ جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔ گولڈن ویزے والے افراد یو اے ای میں 5 سے 10 سال تک رہائش اختیار کر سکتے ہیں جس کی تجدید خود بخود ہوجاتی ہے۔ یاد رہے کہ یو اے ای حکومت نے گولڈن ویزے جاری کرنے کا اعلان 21 مئی 2019ء کو کیا تھا۔ گولڈن کارڈ ویزا ہولڈرز کو کئی سہولتیں ملتی ہیں۔ سب سے اہم یہ ہے کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ امارات میں قیام کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے کسی بھی غیر ملکی کو یو اے ای وہاں قیام کے لئے کسی سپانسر کی ضرورت ہوتی تھی۔ گولڈن ویزے کے علاوہ تمام لوگوں کے لئے اب بھی وہی اصول ہے۔ اس کے علاوہ گولڈن ویزا کے حامل غیر ملکی 3 ملازمین کو سپانسر کرنے کے اہل ہیں۔ انھیں اپنی کمپنی میں ایک سینئر ملازم کے لئے رہائشی ویزا بھی حاصل کرنے کا حق حاصل ہوگا.