وزیراعظم نےبی آئی ایس پی کے تحت سماجی تحفظ اکائونٹ کااجرا کردیا
01:41 PM, 7 Jul, 2023
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سماجی تحفظ اکائونٹ کااجرا کردیا ۔ بی آئی ایس پی کے تحت سماجی تحفظ اکاؤنٹ کے اجراء کی تقریب آج منعقد ہوئی ، تقریب میں وزیراعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اس موقع پر وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری ، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رواں برس بہت بہتری لائی گئی ہے، شازیہ مری کو پروگرام میں بہتری لانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہوئی، سیلاب سے چاروں اطراف تباہی ہی تباہی تھی، سندھ،خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ایسا لگتا تھا کہ سمندر امڈ آیا ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات نظر آتے ہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے چاروں صوبوں میں 70 ارب تقسیم کئے گئے، صوبوں نے اپنے وسائل سے حصہ ڈالا جب کہ این ڈی ایم اے نے 20 ارب خرچ کئے ہیں۔ وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم کی شکرگزار ہوں، بی آئی ایس پی پروگرام کا شہید بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں ہی سوچ رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 15برس سے چل رہا ہے، اس پروگرام میں کبھی سیاست دخل انداز نہیں ہوئی ، بے سہارا خواتین کو بااختیار بنانا بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا، پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو بلاامتیاز امداد دی جارہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال 3 لاکھ نئے افراد کو پروگرام میں شامل کیا جائےگا، سماجی تحفظ اکاؤنٹ سے پروگرام میں شفافیت آئے گی، بی آئی ایس پی کے تحت رجسٹرڈ افراد بینک کے اکاؤنٹ ہولڈر ہوں گے۔