پنجاب کے 22 سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عوام بھی علاج کرا سکیں گے

06:07 PM, 7 Jul, 2023

احمد علی
لاہور: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دکھی انسانیت کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے، پنجاب کے 22 سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عوام بھی علاج کرا سکیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ اور سوشل سکیورٹی ہسپتال فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ڈاکٹرز بھی موجو دہیں اور مفت ادویات بھی مل رہی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 22 سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت اور پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے درمیان معاہدہ ہوگا۔ محسن نقوی نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں برن یونٹ اور معذور ورکرز کیلئے بحالی سنٹر بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایم آر آئی مشین بھی نصب کی جائے گی۔رحمت اللعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ورکرز کے ساتھ عوام الناس بھی علاج کرا سکیں گے۔ہسپتال میں 50 مزید بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے رحمت اللعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظارگاہ کے باہر نئی سرائے بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی سرائے جناح ہسپتال کی سرائے کی طرز پر بنائی جائے اور مریضوں کے تیمارداروں کیلئے نئی سرائے میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ محسن نقوی نے پرانی وہیل چیئرز کی جگہ نئی وہیل چیئرز خریدنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی میں دل کے مریضوں کیلئے جان بچانے والے انجکشن کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی، ایکسرے، سی ٹی سکین روم، فزیو تھراپی کے سیکشن، ریکارڈ روم اور سرجیکل یونٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے آرتھوپیڈک وارڈ، بچہ وارڈ، ڈائیلسز یونٹ اور رحمت اللعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بھی معائنہ کیا۔ انہو ں نے انتظارگاہ میں موجود مریضوں کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔ کمشنر پیسی نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء منصور قادر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت،کمشنر پیسی، ایم ایس نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سوشل سکیورٹی ہسپتال فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا اور ڈیوٹی ڈاکٹر اورسٹاف کو مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ چیک کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے۔ ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کیلئے پوری ٹیم کو متحرک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ کیئرکی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ صوبائی وزراء منصور قادر اور عامر میربھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزیدخبریں