ملک بھر میں مزید طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

11:27 AM, 7 Jul, 2024

ویب ڈیسک: بارش کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار ہونے سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ آج لاہور میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  آج اور کل صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اعدادو شمار کے مطابق آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، ہوا کی رفتار 26 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی جا رہی، ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر شہر لاہور کا موسم حسین رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کراچی کا موسم

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کراچی میں مطلع ابر آلود ہے، شہر میں آج شام اور رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں آج گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ شہر میں آج شام یا رات کے اوقات میں بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کار کا بتایا ہے کہ شہرِ قائد کے شمال مشرقی اطراف میں آج تھنڈر سیل کی تشکیل ممکن ہے، شہر سے بہت دور ان فارمیشنز کے آج شہر پر اثر انداز ہونے کے امکانات کم ہیں، اس وقت شہر میں مغربی سمت سے 17 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، گرمی کی شدت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا مزید بتانا ہے کہ کراچی میں مون سون کی ابتدائی بارشیں 8 سے 10 جولائی کو ہوسکتی ہیں۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 11 ویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 93 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔

بلوچستان
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ژوب، بارکھان، لورالائی، آواران میں موسلادھاربارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، خضداراور لسبیلہ میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔

کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں 33 اور زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

چمن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39، ژوب میں 30، تربت میں 48 اور سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں 35 اور گوادر میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں