ویب ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بھارت پھر ناز نخرے دکھانے لگا، ٹیم کے پاکستان آنے کا معاملہ رواں ماہ آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں زیرغور آئے گا۔
بھارتی میڈیا ایک بار پھر دعویٰ کررہا ہے کہ ان کی ٹیم آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں جائے گی، پی سی بی حکام اس بار زیادہ پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔
پی سی بی کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کی آئی سی سی کی صدارت کے لیے کوششیں جاری ہیں، پاکستان سے ووٹ حاصل کرنے کے لیے دونوں بورڈز کے درمیان ڈیل ہونے کا امکان ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلہ میرٹ پر ہوگا، ہمیں میزبانی ملی ہے اور بھارتی ٹیم لاہور آئے گی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا پاکستان کا سفر حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر بات نہیں ہوئی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم اسی صورت میں پاکستان جائے گی جب بھارتی حکومت اسے 17 سال بعد پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت دے گی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پر امید ہیں کہ فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور اس میں بھارتی کرکٹ ٹیم بھی شرکت کرے گی۔
بارباڈوس میں ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں محسن نقوی کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہوں گا مگر اچھی خبر ہی ہو گی، پی سی بی کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور،کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرنی ہے جبکہ بھارت سے کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا سے بھی اچھا آپشنز ہے۔
2008 میں بھارتی ٹیم آخری بار ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کراچی آئی تھی، پاکستانی ٹیم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے بنگلورو، چنئی اور کولکتہ میں میچز کھیلے تھے تاہم بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ ان کی ٹیم 19 فروری سے 9 مارچ تک شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گی باوجود اس کے کہ پی سی بی نے جمعے کو ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر ابھی بات نہیں ہوئی لیکن اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا سفر کرے گی۔
بالآخر فیصلہ بھارتی حکومت پر منحصر ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں اس مسئلے کو اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس میں محسن نقوی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر شرکت کریں گے۔
بھارتی بورڈ کے اس وقت کرتا دھرتا بی جے پی کے سرکردہ رہنما امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ ہیں تاہم اس معاملے پرمودی سرکار حتمی فیصلہ کرے گی۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے اس لیے ہمارے پاس ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے تاہم آئی سی سی کی آئندہ میٹنگ کے دوران مزید تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔