علی امین گنڈا پور بھڑکیں نہ ماریں، پرویز خٹک کی وارننگ

09:17 PM, 7 Jul, 2024

(ویب ڈیسک )  سابق وزیر دفاع   پرویز خٹک کا وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بیان پر ردعمل آگیا۔

پرویز خٹک نے کہا ہے کہ   علی امین گنڈا پور بھڑکیں نہ ماریں۔ میرا تعلق بھی خٹک قبیلے سے ہے، مجھے اپنے صوبے میں کوئی بند نہیں کر سکتا۔ میں علی امین گنڈا پور کو اور علی امین مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں، نہ ہی میں نے کبھی جھوٹ بولا نہ ہی جھوٹ بولوں گا، کچھ لوگ ہیں جو سچ برداشت نہیں کر سکتے۔

  پرویز خٹک نے کہا پہلے بھی نیب کے نوٹس پر پیش ہوا تھا، اب بھی نیب کے نوٹس پر عدالت جاؤں گا، نوٹس دےکر بلایا جاتا ہے، نہ پہلے اپنی مرضی سے پیش ہوا، نہ اب اپنی مرضی سے جا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کیخلاف نہیں وفاقی کابینہ اجلاس کی کارروائی میں جو ہوا وہ بولوں گا، اس وقت کی پوری کابینہ اجلاس کی کارروائی کی گواہ ہے، علی امین گنڈا پور بھی اس وقت کی کابینہ کا حصہ تھے، وہ بھی عینی شاہد ہیں۔

 سابق وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا مجھ پر کسی کا احسان نہیں تو احسان فراموش کیسے ہو سکتا ہوں، 2013 میں اپنی محنت سے کم ممبران پر حکومت بنائی، کسی نے احسان کرکے وزیراعلیٰ نہیں بنایا۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور نے دو روز قبل مانسہرہ جلسے سے خطاب میں کہا تھا پرویز خٹک کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے بلایا جا رہا ہے، پرویز خٹک نے ان کے خلاف  گواہی دی تو انہیں صوبے میں نہیں رہنے دیں گے۔

مزیدخبریں